بالی وُڈ کی آنے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
ہدایتکار کرن جوہر کی اِس فلم کا ٹیزر منگل کے روز یوٹیوب پر جاری کیا گیا ہے، جسے اب تک چھ لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
ٹیزر میں اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے درمیان رمانوی اور جذباتی مناظر بھی ہیں۔ فلم میں رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ کے علاوہ لیجنڈری اداکار دھرمندر، جیا بچن اور شبانہ عظمی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ٹیزر سے یہ ایک فیملی ڈرامہ فلم لگ رہی ہے۔ اس میں کرن جوہر کی مخصوص ہدایتکاری کی جھلک بھی دیکھی جا سکتی ہے جس میں بڑے سیٹ، رنگ اور خوبصورت لوکیشن شامل ہیں۔
منگل کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رنویر سنگھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’جذبات، ڈرامہ، پَری وار (خاندان) اور اس سب سے اُوپر پیار۔ آپ کے سامنے پیش کر رہے ہیں ’پریم کہانی‘ کی پہلی جھلک جس سے پیار کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔‘